اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، یہ وزیراعظم عمران خان کی خوش نصیبی ہے کہ انہیں انتشار زدہ اپوزیشن ملی ہے، عوام پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے قائدین کی اپنے دور حکومتوں کے دوران بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کے بارے بخوبی آگاہ ہیں اسلئے عید کے بعد بھی اپوزیشن کو عوام کی حمایت حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران اپوزیشن کے حوالے سے بات ہوئی تو میں نے انہیں کہا کہ مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنے چاہییں، امید ہے کہ آنے والے دنوں میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تلخیوں میں کی آئے گی۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دیں گے اور ان کا نام ابھی بھی ای سی ایل میں شامل ہیں جبکہ مریم نواز خود بھی کہہ چکی ہیں کہ وہ بیرون ملک نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے تقسیم ہونے سے دوسری جماعتوں کی بہ نسبت مولانا فضل الرحمان کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کا دھرنوں اور ملک میں انتشار پیدا کرنے کے سوا کوئی منشور نہیں ہے، ٹی ایل پی کے مظاہرین کا پورے ملک کو یرغمال بنانے کا منصوبہ تھا، حالیہ ٹی ایل پی مظاہرے کے دوران چار پولیس اہلکار شہید جبکہ 580 زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران جان کی بازی ہارنے والے پولیس اہلکاروں کی فیملیز کو شہید پیکیج دیا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ میں واضح طور پر کہتا ہوں کہ میں ابھی زندگی میں کبھی سابق ٹی ایل پی کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی (مرحوم) یا ان کے بیٹے سعد حسین رضوی سے نہیں ملا۔