وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے متنخب ہونے والے اراکین کے حلف کیلئے 60 سے90 دن کی مدت مقرر کرنے کے لئے الیکٹورل ایکٹ میں ترامیم، مشکوک لائسنسوں کے حامل مزید 22 پائلٹس کے لائسنس منسوخی ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے متنخب ہونے والے اراکین کے حلف کیلئے 60 سے90 دن کی مدت مقرر کرنے کے لئے الیکٹورل ایکٹ میں ترامیم، مشکوک لائسنسوں کے حامل مزید 22 پائلٹس کے لائسنس منسوخی ،اینٹی ملیریئل ڈرگ اور حفاظتی لباس برآمد کرنے، انفلوئنزا، کینسر سمیت زندگی بچانے والی مختلف 250 ادویات کی ریٹیل پرائسنگ اور مختلف تقرریوں …

اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے متنخب ہونے والے اراکین کے حلف کیلئے 60 سے90 دن کی مدت مقرر کرنے کے لئے الیکٹورل ایکٹ میں ترامیم، مشکوک لائسنسوں کے حامل مزید 22 پائلٹس کے لائسنس منسوخی ،اینٹی ملیریئل ڈرگ اور حفاظتی لباس برآمد کرنے، انفلوئنزا، کینسر سمیت زندگی بچانے والی مختلف 250 ادویات کی ریٹیل پرائسنگ اور مختلف تقرریوں کی منظوری دیدی ہے ،وفاقی کابینہ نے ماڈل جیل کے قیام کے لئے گرین ایریاز پر جیل کی دیوار و عمارت کی تعمیر پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ گرین ایریاز پر کی جانے والی تعمیرات فوری طور پر منہدم کی جائیں اور گرین ایریاز بحال کیے جائیں، گرین ایریاز پر تجاوزات کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور انکے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے،وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں متاثر ہونے والے مستحق خاندانوں کو احساس پروگرام کے ذریعے معاونت فراہم کی جائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی کابینہ کو مشکوک لائسنسوں کے حامل پائلٹس کے خلاف جاری کارروائی میں پیشرفت کی رپورٹ پیش کی گئی۔ کابینہ نے مزید 22 پائلٹوں کے لائسنس منسوخ کرنے کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ سول ایوی ایشن کی جانب سے 32 پائلٹوں کے لائسنس آئندہ 12 ماہ کیلئے معطل کئے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 28 پائلٹوں کے لائسنس پہلے ہی منسوخ کئے جا چکے ہیں۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ان لائسنسوں کی منسوخی کے ساتھ ایسے پائلٹوں اور ان کے ساتھ ملی بھگت کرنے والے سول ایوی ایشن کے اہلکاروں کے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے کارروائی جاری ہے۔ کابینہ نے نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے کی ذمہ داریاں عارضی طور پر سیکرٹری ماحولیاتی تبدیلی کو دینے کی منظوری دی۔ اس کے ساتھ ساتھ کابینہ نے وزارت منصوبہ بندی، وزارت خزانہ اور ماحولیاتی تبدیلی کو ہدایت کی کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کے استعمال کو مزید بہتر بنانے کے حوالہ سے تجاویز پیش کی جائیں۔ کابینہ نے ایئر کموڈور فیصل ایاز صدیقی اور ایئر کموڈور محمد عدنان صدیقی کو پاکستان ایئر ناٹیکل کمپلیکس بورڈ کامرہ میں بطور ممبر کمرشل اور ممبر ٹیکنیکل تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے سول سروسز اکیڈمی کو خود مختار ادارہ بنانے کے حوالہ سے مجوزہ بل ”سول سروسز اکیڈمی بل 2020ئ” کی منظوری دی۔ کابینہ نے ممبر مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی خالی آسامی کو پر کرنے کیلئے عمل شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ کابینہ نے ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ صنعت و پیداوار ڈاکٹر حامد عتیق سرور کو چیف ایگزیکٹو آفیسر نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن کی ذمہ داریاں سونپنے کی منظوری دی، چونکہ اس ادارے کی نجکاری کی جا رہی ہے لہٰذا اس مدت کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے کی ذمہ داریاں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار کو تفویض کی جا رہی ہیں۔ کابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رجب علی کو جج سپیشل کورٹ (سنٹرل) پشاور تعینات کرنے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج/جج بینکنگ کورٹ۔1 فیصل آباد محمد وسیم اختر کو جج سپیشل کورٹ (سنٹرلIII) لاہور تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ غضنفر علی خان کو جج سپیشل کورٹ (سنٹرل) راولپنڈی تعینات کرنے کی بھی منظوری دیدی۔ کابینہ نے ممبران پارلیمنٹ کے حلف اٹھانے کی مدت مقرر کرنے کے حوالے سے الیکشن قوانین میں ترمیم کی منظوری دیدی۔ وفاقی دارالحکومت میں ماڈل جیل کے قیام کے معاملہ میں کابینہ نے گرین ایریاز پر جیل کی دیوار و عمارت کی تعمیر پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ گرین ایریاز پر کی جانے والی تعمیرات منہدم کی جائیں اور گرین ایریاز بحال کئے جائیں، اس کے ساتھ ساتھ گرین ایریاز پر تجاوزات کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ایجنڈا نمبر 12 مؤخر کر دیا گیا۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 2 ستمبر 2020ء کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کے نتیجہ میں متاثر ہونے والے مستحق خاندانوں کو احساس پروگرام کے ذریعے معاونت فراہم کی جائے۔ اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ادارے (Cabinet Committee on State-owned Enterprise) کے 24 جون2020ء اور 31 اگست 2020ء کے فیصلوں کی توثیق کی۔ ایجنڈا نمبر 15 مؤخر کر دیاگیا۔