وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ”5 ملین ہاﺅسنگ پراجیکٹ“ بارے اجلاس، وزیراعظم کا ہاﺅسنگ ٹاسک فورس کی منصوبے پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار

اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ہاﺅسنگ ٹاسک فورس کی طرف سے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ بالخصوص کم آمدنی والے طبقات کو 50 لاکھ گھروں کی فراہمی اور کچی آبادیوں کو باقاعدہ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو وزیراعظم …

اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ہاﺅسنگ ٹاسک فورس کی طرف سے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ بالخصوص کم آمدنی والے طبقات کو 50 لاکھ گھروں کی فراہمی اور کچی آبادیوں کو باقاعدہ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو وزیراعظم آفس میں ”5 ملین ہاﺅسنگ پراجیکٹ“ کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر ہاﺅسنگ طارق بشیر چیمہ، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد، پنجاب کے وزیر ہاﺅسنگ محمود الرشید، سینئر وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران منصوبے کے آغاز کے طریقہ ہائے کار، عملدرآمد کے لئے قانونی ڈھانچے اور سازگار ماحول کو یقینی بنانے کے لئے ون ونڈو سہولت کے طور پر ایک اعلیٰ ادارہ قائم کرنے کے بارے میں غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کے دوران مختلف مالیاتی ماڈلز پر بھی بحث ہوئی جن کی نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے اور اس کے ساتھ ساتھ کم آمدنی والے طبقات کے لئے ارزاں گھروں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لئے پیروی کی جا سکتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پچاس لاکھ گھروں کے منصوبے کے علاوہ رہائشی مسائل پر توجہ مرکوز کرنے سے روزگار کے مواقع اور تعمیرات و ہاﺅسنگ کے متعلقہ شعبوں کے فروغ کے ذریعے اقتصادی سرگرمیوں میں کئی گنا اضافہ ہو گا۔ وزیراعظم نے کمیٹی کو اس اقدام کے آغاز کے لئے طریقہ ہائے کار کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔