اسلام آباد ۔ 24 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں مکمل امن و امان کو یقینی بنانا اور سماجی و اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، گوادر کی تعمیر و ترقی کا منصوبہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے علاقہ کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، گوادر اور سی پیک کے منصوبوں سے مکمل طور پر مستفید ہونے کے لئے …
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کا دوسرا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 24 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں مکمل امن و امان کو یقینی بنانا اور سماجی و اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، گوادر کی تعمیر و ترقی کا منصوبہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے علاقہ کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، گوادر اور سی پیک کے منصوبوں سے مکمل طور پر مستفید ہونے کے لئے ضروری ہے کہ بلوچستان میں انفراسٹرکچر کے قیام پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل (قومی ترقیاتی کونسل) کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراءشاہ محمود قریشی، اسد عمر، محمد حماد اظہر، علی حیدر زیدی، عمر ایوب خان، مشیران خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داو¿د، وزیرِاعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید و دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں قومی ترقیاتی ایجنڈا خصوصاً بلوچستان کے پس ماندہ اور دوردراز علاقوں میں آمدو رفت، آبی وسائل کے بہتر استعمال، زراعت، توانائی، بارڈر مارکیٹوں کے قیام اور گوادر پورٹ سے مکمل طور پر استفادہ حاصل کرنے کے لئے مختلف منصوبے زیر غور آئے۔ بلوچستان کے پس ماندہ علاقوں کی ترقی کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں مکمل امن و امان کو یقینی بنانا اور سماجی و اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کو مالی وسائل تو فراہم کیے گئے لیکن عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ان کے مناسب استعمال کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا جس سے نہ صرف صوبے کا بڑا حصہ پسماندگی کا شکار رہا بلکہ عوام میں احساس محرومی نے جنم لیا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ ہمیں بلوچستان کی عوام کے احساسِ محرومی کا مکمل ادراک ہے جس کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ گوادر کی تعمیر و ترقی کا منصوبہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے علاقے کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، گوادر اور سی پیک کے منصوبوں سے مکمل طور پر مستفید ہونے کے لئے ضروری ہے کہ بلوچستان میں روڈ نیٹ ورک، عوام اور خصوصاً نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور انفراسٹرکچر کے قیام پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اس ضمن میں وزیرِ اعظم نے وزیر منصوبہ بندی، مشیر خزانہ اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان پر مشتمل کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی ہے جو کمیونیکیشن ، زراعت، توانائی اور دیگر مجوزہ منصوبوں کا جائزہ لیکر ترجیحات مرتب کرکے وزیرِ اعظم کو پیش کریں گے۔ اس موقع پر بلوچستان میں معدنی وسائل کی استعداد کو برو¿ے کار لانے اور فروغ کے لئے بلوچستان منرل ایکسپلوریشن کمپنی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔








