اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کو ہدایت کی ہے کہ نیو بالاکوٹ سٹی کو سیاحتی مقام کے طور پر ڈویلپ کیا جائے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق بدھ کو نیو بالاکوٹ سٹی کو سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے پہاڑی علاقوں میں نئے سیاحتی مقامات تعمیر کر رہی ہے، اس مقصد کے لئے سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے میں نامور نجی سرمایہ کاروں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) موڈ پر راغب کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں نجی سرمایہ کاروں کو مکمل سہولت فراہم کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔انہوں نے کے پی کے حکومت کوہدایت کی کہ وہ منصوبے کو ایرا سے لے کر اسے ایک سیاحتی مقام کے طور پر مکمل کرے۔ وزیر اعظم نے مزید ہدایت کی کہ خطے میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے زیر کاشت اراضی کو منصوبے میں شامل نہ کیا جائے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نیو بالاکوٹ سٹی کو ڈیزائن-بلڈ-فنانس-آپریٹ اینڈ ٹرانسفر (DBFOT) موڈ پر سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے 19.5 بلین روپے کے منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی نیسپاک اور کے پی ایم جی نے مکمل کر لی ہے۔مجوزہ پروجیکٹ کے تحت کل 6753 میں سے 63 فیصد رہائشی پلاٹ مقامی متاثرین کو الاٹمنٹ کے لئے مختص ہیں جبکہ باقی 2480 رہائشی اور 575 کمرشل پلاٹس کے علاوہ 800 اپارٹمنٹس نیلام کئے جائیں گے تاکہ اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے فنڈزحاصل کئے جا سکیں۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ بنیادی طور پر نیو بالاکوٹ سٹی کی ترقی وفاقی حکومت کے بجائے کے پی کے کی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ کے پی کے حکومت پہلے ہی اس مقصد کے لئے زمین حاصل کر چکی ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے تحت مکمل کئے جانے والے اس منصوبے میں یوتھ ہاسٹل ، تھیم پارک ، کیمپنگ گراؤنڈ اور تھری سٹار ہوٹل شامل ہوں گے۔یہ منصوبہ مکمل ہونے پر نہ صرف موجودہ سیاحتی مقامات پر دباؤ کو کم کرے گا بلکہ حکومت کے ساتھ متوقع آمدنی بانٹنے کے نتیجہ میں 7 بلین روپے سے زیادہ رقم بھی کمائے گا۔