وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف سندھ کے علاقائی صدور اور جنرل سیکرٹریز کے اجلاس

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف سندھ کے علاقائی صدور اور جنرل سیکرٹریز کا اجلاس جمعہ کو کراچی میں منعقد ہوا ۔وزیراعظم میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی سیاسی صورت حال اور ترقیاتی سکیموں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے حکومت سندھ پر زور دیا کہ وہ وفاقی حکومت کے تمام سماجی و اقتصادی ترقی کی اسکیموں بشمول کامیاب پاکستان، احساس کارڈ، احساس راشن رعایت پروگرام، صحت کارڈ اور کسان کارڈ میں بھرپور حصہ لے۔

انہوں نے کہاکہ محض سیاسی وجوہات کی بنا پر صوبہ سندھ کے عوام کو وفاقی حکومت کی ترقیاتی سکیموں کے ثمرات سے محروم نہیں رکھا جاسکتا، وفاقی حکومت کے تمام منصوبے عوامی فلاح کے لیے ہیں۔