اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کا سفر شروع ہو چکا ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تمام وعدے پورے کئے ہیں، ریاستوں کے بیانیے کے فروغ کے لئے میڈیا اہم کردار ادا کرتا ہے، اے پی پی، ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کو اگست تک ڈیجیٹلائز کرنے کا آغاز کریں گے، آئی ایس پی آر نے پاکستان میں مختصر دورانیہ کی فلموں کو نئی جہت بخشی، فلم بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں بے شمار قربانیاں دیں، دنیا میں جنگیں اب اپنےبیانیے کی جیت کے ذریعے لڑی جاتی ہیں، ماضی میں اس پر توجہ نہیں دی گئی۔
ہفتہ کو نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمیں عمارت دی جو تقریباً بند پڑی تھی۔ اگست میں جب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو تین سال پورے ہوں گے تو اس عمارت میں میڈیا ٹیکنالوجی یونیورسٹی بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا رائے عامہ کی دنیا ہے، اب جنگیں بیانیے کے ذریعے لڑی جاتی ہیں جس کا بیانیہ جتنی پذیرائی حاصل کرے گا، اسی سے جیت کا تعین ہوگا، دنیا بھر میں میڈیا کو بیانیے کی تشکیل اور اسے اجاگر کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے، پاکستان کو جس طرح کی جغرافیائی صورتحال کا سامنا ہے اور جس طرح ہم نے جنگیں لڑیں، شہادتیں اور قربانیاں دی ہیں، اس کے مقابلے میں ہم اپنا بیانیہ اجاگر نہیں کر سکے جس کی وجہ سے دنیا نے ہماری قربانیوں کا اس طرح اعتراف نہیں کیا جس طرح کرنا چاہئے تھا کیونکہ ہم نے رائے عامہ بنانے کے لئے کام نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات میں بہتری لائی جا رہی ہے، اے پی پی، ریڈیو اور پی ٹی وی کو اگست تک ڈیجیٹلائز کر دیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے جس طرح کی بہتری لانے کا وعدہ کیا تھا، اسے پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول کا انعقاد کر کے بہترین کوشش کی ہے، میڈیا کی نئی جہتوں کو متعارف کرایا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مختصر دورانیہ کی فلمیں 40 منٹ سے کم کی ہوتی ہیں، ڈیجیٹل میڈیا پر اب ٹک ٹاک کی صورت میں سیکنڈز پر مشتمل فلمیں بھی بن رہی ہیں۔ فلم میکرز بھی اب شارٹ فلموں کی طرف آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 70ءکی دہائی میں ہم فلم سازی کے حوالے سے تیسری بڑی قوم تھے، پھر ایک وقت آیا کہ ہم صفر پر چلے گئے، رواں سال صرف دو فلمیں بنی ہیں، سینما بزنس خسارے میں جا چکا ہے، اس میں بہتری کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ ہمارے پاس تکنیکی مہارت رکھنے والی افرادی قوت نہیں تھی، میڈیا یونیورسٹی کے لئے دنیا کی بڑی یونیورسٹیوں کے ساتھ اشتراک کار کیا ہے، جدید جرنلزم پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے جس طرح سارے وعدے پورے کئے ہیں، میڈیا یونیورسٹی کے قیام کا وعدہ بھی جلد پورا کریں گے۔