
اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے وزارت آبی وسائل اور منصوبہ بندی ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے تمام بڑے شہروں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر آبی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے جامع منصوبہ تشکیل دیا جائے، وزیراعظم نے راولپنڈی، اسلام آباد کیلئے واٹر سپلائی کی سکیم بھی فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ ہدایت بدھ کو یہاں وزیراعظم آفس میں وزارت آبی وسائل کی جانب سے بریفنگ کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیر توانائی عمر ایوب خان اور وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم خان کے علاوہ وفاقی سیکرٹریز آبی وسائل، اقتصادی امور ڈویژن، فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ، چیئرمین واپڈا اور دیگر متعلقہ سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں پانی کی دستیابی کی مجموعی صورتحال، پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش اور بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی موجودہ گنجائش 13.7 ملین ایکڑ فٹ کے قریب ہے جو بین الاقوامی طور پر رائج معیارات سے بہت کم ہے، اسے ترجیحی بنیادوں پر بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ زیر زمین پانی کو غیر منظم طریقہ سے نکالنے کے عمل پر قابو پانے کی بھی فوری ضرورت ہے۔