اسلام آباد ۔ 14 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک کی حالت زار بدلنے کے لئے اپنے منشور کے مطابق ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر عمل پیرا ہے، قوموں کی زندگی میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات ہمیشہ تکلیف دہ مرحلہ ہوتا ہے لیکن اس کے بعد اچھا اور خوشحال دور شروع ہوگا، وزارت اطلاعات حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور اس کے مقاصد کو اجاگر …
وزیراعظم عمران خان کی وزارت اطلاعات کے مختلف محکموں کے سربراہان سے ملاقات میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 14 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک کی حالت زار بدلنے کے لئے اپنے منشور کے مطابق ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر عمل پیرا ہے، قوموں کی زندگی میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات ہمیشہ تکلیف دہ مرحلہ ہوتا ہے لیکن اس کے بعد اچھا اور خوشحال دور شروع ہوگا، وزارت اطلاعات حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور اس کے مقاصد کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں وزارت اطلاعات کے مختلف محکموں کے سربراہان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، معاونین خصوصی افتخار درانی اور یوسف بیگ مرزا بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی پہلی حکومت ہے جو ملک کی حالت زار بدلنے کے لیے اپنے منشور کے مطابق اسٹرکچرل ریفارمز (ڈھانچہ جاتی اصلاحات) پر عمل پیرا ہے، ہماری کاوشوں کا مقصد ذاتی مفادات کا حصول نہیں بلکہ ملک اور ملکی عوام کی بہتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات ہمیشہ تکلیف دہ مرحلہ ہوتا ہے لیکن اس کے بعد اچھا اور خوشحال دور شروع ہوگا۔ انہوں نے وزارت اطلاعات کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور اس کے مقاصد کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط، متحرک اور ذمہ دار میڈیا ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کو باخبر رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، وزارت اطلاعات حکومتی پالیسیوں سے متعلق میڈیا کے ذریعے عوام کو باخبر رکھنے کے لیے مزید متحرک کردار ادا کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میڈیا سے متعلق حکومتی پالیسیوں کے بارے میں جان بوجھ کر کیے جانے والے من گھڑت پراپیگنڈے کے محرکات سے بخوبی آگاہ ہیں تاہم میڈیا کے ساتھ مل کر اس مذموم ایجنڈے کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی مہذب اور ذمہ دار معاشرہ بے بنیاد اور من گھڑت خبروں کی تشہیر کی اجازت نہیں دیتا، بے بنیاد خبروں کی اشاعت کی روش کی حوصلہ شکنی کے مشترکہ مشن میں میڈیا کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزارتوں کے تعلقات عامہ کے افسران میڈیا کی معلومات تک رسائی اور درست انفارمیشن کی فراہمی میں متحرک کردار ادا کریں۔








