وزیراعظم عمران خان کی وزیراعلیٰ پنجاب کو راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی تحقیقات کی ہدایت

118

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے جس میں مخصوص نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں کوفائدہ پہنچانے کیلئے مبینہ طور پر ری الائنمنٹ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو شکایت موصول ہوئی کہ ری الائنمنٹ سے منصوبے کی لاگت میں اضافہ ہو گیا اس طرح ٹیکس دہندگان پر کم از کم 25 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا جس پروزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو اس معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران اس امر کا جائزہ لیا جائے گا کہ کیا منصوبے کی الائنمنٹ اور سڑک کی چوڑائی میں مخصوص نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں کو بااثر سیاستدانوں اور مفاد پرستوں گروپوں کی ایما پر فائدہ پہنچانے کیلئے تبدیلی کی گئی؟ ذرائع کے مطابق راولپنڈی رنگ روڈ کاتخمینہ ابتدائی طور پر 40 ارب روپے لگایا گیا تھا، تحقیقات میں جائزہ لیا جائے گا کہ کیا اصل منصوبہ میں تبدیلی کی گئی اور اگر کی گئی تو کیوں؟ اور کس کو فائدہ پہنچانے کیلئے؟ تحقیقات کے بعد ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے گا اور جو حکام ماسٹر پلان میں کسی غیر قانونی تبدیلی کے مرتکب ہوئے، ان سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔