اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ٹریفک پولیس اہلکار قیصر شکیل کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں وزیراعظم ہائوس بلا کر شاباش دی اور فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کرنے پر انعام کا اعلان کیا۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ٹریفک پولیس اہلکار قیصر شکیل کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے ہیڈ کانسٹیبل قیصر شکیل کو دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے کے باوجود اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے پر انہیں وزیرِ اعظم ہائوس بلا کر شاباش دی۔ قیصر شکیل9 جون کو زخمی ہوئے اور دو دن کے میڈیکل ریسٹ کے بعد11جون کو دوبارہ ڈیوٹی پر واپس آگئے تھے۔
فرض شناسی کی اس عمدہ مثال پر وزیرِ اعظم نے مذکورہ اہلکار کو انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ قیصر شکیل کی فرض شناسی دیگر سرکاری اہلکاروں کے لئے بھی قابل تقلید مثال ہے