وزیراعظم عمران خان کی چین کی قومی ترقی اور اصلاحات کمیشن کے وائس چیئرمین ننگ جیزی سے بات چیت

83

اسلام آباد ۔ 5 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی اولین ترجیح ہے، سی پیک کے ساتھ نئے منصوبوں سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا نیا دور شروع ہو گا اور اس کا فائدہ پاکستان کے عوام کو پہنچے گا۔ وہ چین کی قومی ترقی اور اصلاحات کمیشن (این ڈی آر سی) کے وائس چیئرمین ننگ جیزی سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور یہ منصوبہ پاکستان کی اقتصادی بہتری کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنر شپ کو مزید تقویت دینے کیلئے بھی بہت اہم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین کی قومی ترقی اور اصلاحات کمیشن کے وائس چیئرمین کا دورہ پاکستان بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ اس سے سی پیک کے پہلے مرحلے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم بنانے اور دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے میں مدد ملے گی۔ اپنے حالیہ دورہ چین کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے چینی قیادت کی جانب سے تمام امور پر حمایت کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ریلوے کے نظام میں جدت لانے کیلئے ایم ایل ون منصوبے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور این ڈی آر سی کے وائس چیئرمین کو پاکستان کی سٹیل انڈسٹری، تانبے اور سونے کی کان کنی کے ساتھ ساتھ زرعی پیداوار بڑھانے کے شعبوں میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ نئے منصوبے سی پیک کے دوسرے مرحلے میں انتہائی معاون ثابت ہونگے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا نیا دور شروع ہو گا اور ان سے پاکستان کے عوام مستفید ہو سکیں گے۔ اس موقع پر این ڈی آر سی کے وائس چیئرمین نے پرتپاک خیر مقدم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیچیانگ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو نیک تمناﺅں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے چین کی جانب سے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سی پیک منصوبوں کی تیز تکمیل اور اس حوالے سے رابطہ کاری کو بڑھانے کیلئے پاکستان کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کے عوام کو عملی فائدہ پہنچے گا۔