وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرعوام کی شکایات کے ازالہ کیلئے آن لائن سہولت سنٹر قائم کیا گیا ہے

141

اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرعوام کی شکایات کے ازالہ کیلئے آن لائن سہولت سنٹر قائم کیا ہے تاکہ عوامی شکایات کے ازالہ سمیت وزارتوں کے باہمی اشتراک کار اور گورننس کو بہتر بنایا جاسکے۔ سرکاری حکام نے کہا ہے کہ ”پرائم منسٹر ڈیلیوری یونٹ“کو موثر بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید سہولیات سے استفادہ کیا گیا ہے جس کا مقصد عوام کو سہولیات میں اضافہ اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کا ازالہ ہے۔ اس نظام سے اراکین پارلیمان کی استعداد کار اور معاملات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جاسکے گا۔ پی ایم ڈی یو کے تحت وزیراعظم آفس اور وفاقی وزارتوں/ڈویژنوں اورچیف سیکرٹریز کے دفاتر کے اشتراک کار کو مزید موثر بنایا جاسکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سہولت سے کسی بھی خصوصی ٹاسک کی موثر مانیٹرنگ کی جاسکے گی اور اس حوالے سے وزیراعظم کو معلومات دستیاب ہوں گی۔ پی ایم ڈی یو کیلئے مختلف وزارتوں اور محکموں کی جانب سے نامزد کئے گئے ترجمانوں کی تربیت کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ شکایات یا ٹاسک کے حوالے سے جامع طریقہ کار طے کیا گیا ہے جس سے اس کی اہمیت واضح ہوگی اوردیئے گے ٹائم فریم میں مطلوبہ ٹاسک یا شکایت کا ازالہ/تکمیل کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔