وزیراعظم عمران خان کی یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

91

اسلام آباد ۔ 16 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، سرمایہ کاری بورڈ اور کاروبار سے متعلقہ وزارتیں سرمایہ کاروں کی سہولت کاری کے لئے مسلسل کوشاں ہیں، کاروباری برادری موجودہ حکومت کو کاروبار دوست و موافق سوچ کا حامل پائے گی۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں ڈاکٹر محمود خان کی سربراہی میں یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد میں پاکستان میں کام کرنے والی بین الاقوامی سطح کی معروف امریکی کمپنیوں کے نمائندگان شامل تھے۔ ملاقات میں حفظان صحت، مشروبات، توانائی، زراعت اور دیگر مختلف شعبوں سے وابستہ 28 مختلف امریکی کمپنیوں (ایبٹ، سٹی بنک، ایگزان موبل، فیس بک، جنرل الیکٹرک، نیٹسول، پیپسی کو، پراکٹر اینڈ گیمبل، اوبر وغیرہ) کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داو¿د، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی و دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ چئیرمین یو ایس پاکستان بزنس کونسل ڈاکٹر محمود خان نے پاکستان میں کام کرنے والی مختلف امریکی کمپنیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ مختلف کمپنیوں کے نمائندگان نے وزیرِ اعظم کو پاکستان میں اپنی کاروباری سرگرمیوں، تجارتی حجم اورملکی معیشت میں کردار سے آگاہ کیا۔ شرکاءنے حکومتی پالیسیوں خصوصاً کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کی سہولت کاری، کاروباری سرگرمیوں کی رجسٹریشن کے عمل اور کاروباری طبقے کو مساوی مواقع فراہم کرنے جیسے اقدامات پر اعتماد کا اظہار اور ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کا عندیہ دیا۔ وزیرِ اعظم نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کو ہر ممکنہ سہولت دینے کے لئے پرعزم ہے۔