وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے بعد توقع ہے کہ سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات کرے گا،وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین

111

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے بعد بڑی توقع ہے کہ سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات کرے گا اور یہ تعلقات ملکی معیشت کیلئے اہم ہوں گے۔

اتوار کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جس گرمجوشی کے ساتھ وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا وہ قابل ستائش ہے۔

شوکت ترین نے کہا کہ سعودی عرب کو ایک کروڑ افرادی قوت درکار ہے اور سعودی عرب اس میں بڑا حصہ پاکستان کو دینا چاہتا ہے جو خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد سلمان نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران گوادر سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا، توقع ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے بعد دونوں ممالک اقتصادی شعبوں میں ترقی کی طرف آگے بڑھیں گے اور سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اقدامات کرے گا۔