اسلام آباد ۔ 13 جون (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب کے دوران آواز کی بندش مس میچ آف ٹیکنالوجی تھا، پی ٹی وی کی حالت پر تنقید کرنے والوں نے پانچ سالوں کے دوران ہدف بنا کر پی ٹی وی تباہ کیا، سابقہ دور حکومت میں پی ٹی وی کو کرپشن کے جتنے ٹیکے لگا کر مردے کی طرح بنا دیا گیا اس پر جان ڈالنے کےلئے پی ٹی وی کو ایچ ڈی پر منتقل کر رہے ہیں، پی ٹی وی ریاست کا اہم جزو ہے۔ جمعرات کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پوری دنیا میں ٹی وی چینلز ایچ ڈی پر منتقل ہو گئے ہیں لیکن بدقسمتی سے پی ٹی وی ابھی تک ایس ڈی پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی وہ ادارہ ہیں جس کو گذشتہ پانچ سال ہدف بنا کر تباہ کیا گیا، ایک طرف پرائیویٹ سیکٹر میں ٹیکنالوجی کیمرے، سکرین، آلات، اپ لنکنگ اور اس سے جڑی ضروریات نے فروغ پایا تو دوسری جانب مدر آف انفارمیشن انسیٹیوٹ نیچے جاتا رہا۔