وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق جمہوری نظام کے استحکام کی جانب گامزن ہیں،شہریوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، شیریں مزاری

51

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق جمہوری نظام کے استحکام کی جانب گامزن ہیں،شہریوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، ملکی آئین میں خواتین و اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کے حقوق کا تعین کیا گیا ہے، پاکستانی قوم نے جمہوریت کے لئے بہت قربا نیا ں دی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یوم جمہوریت کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت قائم ہو گئی ہے، اب تیسری حکومت ہے جو الیکشن کے تحت بر سر اقتدار آئیں، پچھلی دو حکومتوں نے اپنی مدت پوری کی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، ملکی آئین میں خواتین و اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کے حقوق کا تعین کیا گیا ہے،عالمی سطح پر چیلنجز کی نوعیت بدل رہی ہے، طاقت کے مرکز تبدیل ہورہے ہیں ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے کووڈ -19کا سب سے بہتر طریقے سے مقابلہ کیااور یہ تب ممکن ہوا جب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اولین اقدامات اٹھائے گئے ۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت کی حدیں کیا ہیں، کس طرح ریاست اور قوم میں توازن برقرار رکھا جائے، پارلیمان کو بالادستی حا صل ہونی چاہئے،ریاست کا کام ہے کہ وہ شہریوں کا تحفظ کرے،

شیریں مزاری نے کہا کہ ہمارے آئین میں انسانی حقوق کی شقیں ہیں، ہم انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں اور پسے ہوئے طبقے کو حقوق دینا چاہتے ہیں تو یہ ہمارا فرض ہے، ہمارے آئین نے انہیں حقوق دیئے ہیں ،یہ ان کا فرض ہے، ریاست عوام کو آئین کے مطابق حقوق فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن گئے جب سیکورٹی کی بات ہوتی تھی کہ اگر مضبوط فوج ہوگی تو ریاست محفوظ ہوگی،اگر سوسائٹی اور قوم مضبوط ہوگی تو ریاست مضبوط ہوگی۔

اس موقع پر ڈی جی ساسی ڈاکٹر ماریہ سلطان نے کہا کہ جمہوریت اس وقت تک مضبوط نہیں ہوگی جب تک ادارے مضبوط نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں عوام اور ریاست لازم و ملزوم ہیں۔ اس موقع پر احمر بلال صوفی اور ڈاکٹر فرحان صدیقی نے بھی خطاب کیا۔