وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پرجاری

وزیراعظم محمد شہبازشریف سے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری کی ملاقات

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم شہبازشریف کی خصوصی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پرجاری ہے، مٹہ سوات ٹرانسمیشن لائن کے سیلاب سے گرنے والے 2 ٹاورز کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے،پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا 132 کے وی مٹہ گرڈ اسٹیشن فعال ہونے سے سوات کے ایک بڑے حصّے بجلی کی سپلائی بحال کردی گئی ہے۔ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ٹانک جنڈولہ سپلائی لائن بحال کر دی ہے۔

منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق تیمر گرہ باجوڑ لائنز بحال ہونے کے بعد منڈا اور باجوڑ گرڈز سے بجلی کی فراہمی شروع ہو گئی ہے ۔

مدین گرڈ اسٹیشن پر بحالی کاکام جاری ہے۔66 کے وی کا گڑھی خیرو گرڈ سٹیشن فعال ہونے سے جیکب آباد کے بڑے حصے کو بجلی کی فراہمی بحال ہو گئی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف بجلی کی سپلائی کی بحالی کے عمل کو خود مانیٹر کر رہے ہیں، اس حوالے سے انہیں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جا رہی ہے ۔