وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس میں شرکت کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

215
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف 23 سے 27 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے اقوام متحدہ کےکثیرالجہتی کردار کی حمایت اور پاکستان کے مستحکم عزم کا اعادہ کریں گے۔

وزیراعظم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل مسئلہ فلسطین اور جموں و کشمیر کے تنازع سمیت دیرینہ مسائل کو حل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیں گے۔ وزیراعظم بین الاقوامی اقتصادی تعلقات میں عدم مساوات کو دور کرنے اور بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی برادری پر زور دیں گے کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے۔

وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کئی اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت بھی کریں گے جن میں "سطح سمندر میں اضافہ سے لاحق خطرات پر اعلیٰ سطحی میٹنگ” اور "امن کے لیے قیادت” پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کھلی بحث شامل ہے۔ وزیراعظم پائیدار ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے عالمی سطح پر درکار اقدامات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے عالمی رہنماؤں کے ایک گروپ کے ساتھ بات چیت کریں گے۔

وزیراعظم کے پروگرام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کے صدر سمیت متعدد عالمی رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اعلیٰ سطحی اجلاس پاکستان کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے اہم مسائل پر اپنے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم پیش کرتا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان کی ترجیحات کو اجاگر کریں گے تاکہ عوام کو ملکی اور عالمی ترقی کے ایجنڈے کے مرکزی مقام میں رکھا جائے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف 26-2025 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے آئندہ رکن کے طور پر، اقوام متحدہ کے چارٹر کو برقرار رکھنے، تنازعات کی روک تھام، امن اور عالمی خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار بھی کریں گے۔