وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گندم کی درآمد کے حوالے سے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی

Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گندم کی درآمد کے حوالے سے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور ہدایت کی ہے کہ گندم کی خریداری کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں گندم کے ذخائر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے رواں سال گندم کی بمپر فصل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ گندم کی خریداری میں کسی قسم کی دیر نہ ہو، گندم کی خریداری کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ کسانوں کو انکی محنت کا معاوضہ جلد پہنچایا جائے۔

و زیرِ اعظم نےگزشتہ برس گندم کی درآمد کے حوالے سے وزارت قومی غذائی تحفظ سے استفسار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برس گندم کی اچھی پیداوار کے باوجود گندم کی درآمد کا فیصلہ کن وجوہات کی بنا پر لیا گیا۔وزیراعظم نے گندم کی درآمد کے حوالے سے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔سیکرٹری کابینہ ڈویژن انکوائری کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب، جام کمال خان، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضال اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔