اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے برادر عوام کے امن ، ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ اور کثیر جہتی دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد …
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ، قطر کے قومی دن کے موقع پر قطر کے برادر عوام کے امن ، ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے برادر عوام کے امن ، ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ اور کثیر جہتی دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے قومی دن کے موقع پر قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور قطری شاہی خاندان، حکومت کے ساتھ ساتھ قطر کے برادر عوام کو ان کے قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد دی اور ان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے قطر کے امیر کی دور اندیش قیادت میں قطر کی شاندار کامیابیوں اور عالمی سطح پر اس کے بڑھتی ہوئی اہمیت کو سراہا۔
انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور کثیر جہتی دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے غزہ میں قیام امن کی کوششوں میں قطر کے قابل قدر کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے قطر کی جانب سے مذاکرات میں سہولت کاری کی تعریف کی۔
اس سال کے شروع میں دوحہ کے اپنے سرکاری دوروں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے قطر کے امیر کو باہمی اتفاق سے طے کردہ تاریخ پر پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی پرجوش دعوت کا اعادہ کیا۔ امیر قطر نے قومی دن کے موقع پر مبارکباد دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، گہرے، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔








