وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کو ان کی برسی پر خراجِ عقیدت

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دلخراش سانحہ پوری قوم کے لیے عظیم آزمائش تھا،اے پی ایس کے معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کی قربانیاں ہماری قومی یادداشت کا حصہ ہیں ،پاکستان کی سر زمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی اس سانحے کا حقیقی انصاف ہے،ریاست، سکیورٹی ادارے …

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دلخراش سانحہ پوری قوم کے لیے عظیم آزمائش تھا،اے پی ایس کے معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کی قربانیاں ہماری قومی یادداشت کا حصہ ہیں ،پاکستان کی سر زمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی اس سانحے کا حقیقی انصاف ہے،ریاست، سکیورٹی ادارے اور عوام متحد ہو کر دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں،آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

منگل کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے سانحہ آرمی پبلک سکول (اے پی ایس)پشاور کی برسی کے موقع پر جاری پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اس سانحے کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطنِ عزیز کے مستقبل کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، یہ دلخراش سانحہ پوری قوم کے لیے عظیم آزمائش تھاجس نے ہمارے دلوں کو غم سے بھر دیا مگر ہمارے حوصلے پست نہ کر سکا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اے پی ایس کے معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کی قربانیاں ہمیشہ ہماری قومی یادداشت کا حصہ ہیں اور پاکستان کی سر زمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی اس سانحے کا حقیقی انصاف ہے،پوری قوم شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہم ان کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج جب پاکستان ایک بار پھر دہشت گردی کے ناسور کا سامنا کر رہا ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں سکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تو سانحہ اے پی ایس ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی،ریاست، سکیورٹی ادارے اور عوام متحد ہو کر دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت پوری قوت کے ساتھ بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے دی گئی یہ عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ کے تمام شہدا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔