لاہور۔6اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی ٹی آئی مظاہرین کے پتھراؤ سے اسلام آباد پولیس کے اہلکار عبد الحمید کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس واقعے میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نے شہید اہلکار کے بلندی درجات کی دعاء اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ احتجاج کی آڑ میں تشدد کا راستہ اپنایا۔وزیراعظم نے کہا کہ اسی سیاسی جماعت نے ماضی میں سرکاری ٹی وی کی عمارت پر حملہ کیااور پارلیمنٹ ہاؤس کا گیٹ توڑا۔وزیراعظم نے واقعے میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔