اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ عالمی ادارہء صحت کی جانب سے منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمر جنسی قرار دیا گیا جس کے بعد پاکستان میں بھی اس بیماری کے حوالے سے کڑی نگرانی کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منکی پاکس (Monkey Pox) کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا جس میں انہوں نے ملک کے ہوائی اڈوں، بندر گاہوں اور بارڈرز پر منکی پاکس کی اسکریننگ کے نظام کو مؤثر بنانے ، بارڈر ہیلتھ سروسز کو صورتحال کی بھرپور نگرانی اور سخت سرویلنس ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر کو منکی پاکس کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے اور اس حوالے سے روزانہ جائزہ لینے،منکی پاکس کی جانچ کے حوالے سے تمام ضروری آلات اور کٹس کی فراہمی یقینی بنانے، منکی پاکس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں ، حکومت گلگت بلتستان اور حکومت آزاد جموں و کشمیر سے روابط بہتر بنانے اور منکی پاکس کے حوالے سے مؤثر اور جامع آگہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ منکی پاکس کے حوالے سے ہفتہ وار بریفنگ لیا کریں گے ۔بریفنگ کے دوران اجلاس کوبتایا گیا کہ حال ہی میں ضلع مردان کے ایک شخص میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،متاثرہ شخص روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم تھا اور حال ہی میں پاکستان آیا ،متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ،متاثرہ شخص کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پاکستان میں اس وقت منکی پاکس کی لوکل ٹرانسمشن نہیں ہے ۔
عالمی ادارہء صحت کی جانب سے 14 اگست 2024 کو منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمر جنسی قرار دیا گیا جس کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی )کی جانب سے منکی پاکس کے حوالے سے نیشنل ایڈوائزری اور ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں ،وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں منکی پاکس کے حوالے سے آگہی مہم کا آغاز کر رہی ہیں ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ منکی پاکس کے حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کی نگرانی کرے گی ۔
صوبائی حکومتوں، حکومت گلگت بلتستان ، حکومت آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ نے بڑے اسپتالوں میں آئیسولیشن وارڈز اور بستر منکی پاکس کے ممکنہ مریضوں کے لئے مختص کیے ہیں ،تمام وفاقی اکائیاں منکی پاکس کے حوالے سے پیشگی اقدامات اٹھا رہی ہیں ۔ اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ ، وفاقی سیکرٹری قومی صحت ندیم محبوب ، چئیر مین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹریز ، چیف کمشنر اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔