اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے جلد از جلد لائحہ عمل ترتیب دینے اور ملک بھر کے سیاحتی مقامات میں نئی تعمیرات اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کے حوالے سے موسمیاتی تبدیلی کے پہلو ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاحت کے فروغ کے حوالے سے قابل عمل اور جلد از جلد مکمل ہونے والے پراجیکٹ ترتیب دئیے جائیں، وزیراعظم نے نیشنل ٹوارزم کوآرڈی نیشن بورڈ کو فعال کرنے کے حوالے سے بریفنگ بھی طلب کر لی۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے حوالےسے بے پناہ استعداد موجود ہے ، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی وسائل اور لازوال خوبصورتی سے نوازا ہے ، برف پوش پہاڑ، جنگلات، دریا، ریگستانی علاقے اور کوسٹل لائن ایسے دیگر قدرتی وسائل کی بدولت ہمارا ملک دنیا میں ایک منفرد اور اہم مقام رکھتا ہے ، پاکستان کے پاس دنیا کی قدیم ترین تہذیب ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے سیاحتی علاقوں میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں راغب کرنے کے لئے بہترین انفراسٹرکچر کی تعمیر اور آسان سفر و رابطے اور اعلیٰ معیار کی جدید تفریحی سہولیات ناگزیر ہیں۔ وزیراعظم نے اسلام آباد ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے جلد از جلد لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سیاحت کے فروغ کے حوالے سے قابل عمل اور جلد از جلد مکمل ہونے والے پراجیکٹ ترتیب دینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیاحوں کی سہولیات کے لئے بہترین معیار کے ہوٹلز، ریزارٹس، تفریحی مقامات اور دیگر سہولیات کی تعمیر کے حوالے حکمت عملی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ملک بھر کے سیاحتی مقامات میں نئی تعمیرات اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کے حوالے سے موسمیاتی تبدیلی کے پہلو ملحوظ خاطر رکھا جائے ۔
وزیراعظم نے نیشنل ٹوارزم کوآرڈینیشن بورڈ کو فعال کرنے کے حوالے سے بریفنگ بھی طلب کر لی۔ اجلاس کو وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے حوالے سے تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں غیر ملکی سیاحوں کی تعداد بڑھانے، سیاحت کو جی ڈی پی کا ایک اہم حصہ بنانے اور سیاحت کے حوالے سے 20 نئے مقامات آباد کرنے کے حوالے سے اہداف پر کام شروع کیا جا سکتا ہے، مذہبی اور میڈیکل ٹورازم کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانےکو حوالے سے حکمت عملی بنائی جا رہی ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جلد ہی اسلام آباد میں نیشنل ٹوارزم ایکسپو اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ حال ہی میں ملتان میں نواز شریف زرعی یونیورسٹی کے تعاون سے مینگو فیسٹول ، 2025 کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ ، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب کھچی، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔