اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سکھر-حیدرآباد موٹروے کی تعمیر، رتو ڈیرو-گوادر موٹر وے کے بقیہ حصوں کی تعمیر اور حیدرآباد- کراچی موٹر وے کراچی-کوئٹہ-چمن قومی شاہراہ، اور قراقرم ہائی وے کے کچھ حصوں کی تعمیر نو کے حوالے سے کام کا جائزہ لینے کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے ، ایک ماہ کے اندر موٹر ویز کے تمام حفاظتی جنگلوں کی مرمت کا کام مکمل کرنے، ایسے افراد جو ان حفاظتی جنگلوں کو چوری کرتے ہیں یا ان جنگلوں کو خریدتے ہیں ان سب کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے اور قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر پولیسنگ اور پٹرولنگ بہتر بنانے کی ہدایات کی ہیں۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے امور اور قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر حفاظتی اقدامات کے حوالے الگ الگ جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے متعلق اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قومی شاہراہیں اور موٹر ویز قومی ترقی اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، ملک بھر میں بہترین سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے سکھر-حیدرآباد موٹروے کی تعمیر، رتو ڈیرو-گوادر موٹر وے کے بقیہ حصوں کی تعمیر اور حیدرآباد- کراچی موٹر وے کراچی-کوئٹہ-چمن قومی شاہراہ اور قراقرم ہائی وے کے کچھ حصوں کی تعمیر نو کے حوالے سے کام کا جائزہ لینے کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان اہم قومی منصوبوں کے حوالے سے تیز تر اور ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ اجلاس کو قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور – ساہیوال- بہاولنگر موٹروے کے پہلے فیز لاہور – ساہیوال پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے ،پہلے مرحلے میں لاہور رنگ روڈ تا رائے ونڈ-قصور روڈ زمین کی خریداری کی جا رہی ہے ، اس موٹر وے سے جنوب مشرقی پنجاب کے کئی اضلاع مستفید ہو سکیں گے۔قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر حفاظتی انتظامات سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم نے موٹر ویز پر تمام حفاظتی جنگلوں کی مرمت کا کام ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایسے افراد جو ان حفاظتی جنگلوں کو چوری کرتے ہیں یا ان جنگلوں کو خریدتے ہیں ان سب کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ وزیراعظم نے قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر پولیسنگ اور پٹرولنگ بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کو موٹر ویز پر نصب حفاظتی جنگلوں کی چوری کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر کی موٹرویز پر 4027 کلومیٹرز حفاظتی جنگلے نصب ہیں جن میں سے 859 کلومیٹرز حفاظتی جنگلے یا تو چوری ہوئے یا انہیں نقصان پہنچایا گیا ، موٹر ویز حفاظتی جنگلوں کی عدم موجودگی کے باعث پچھلے چار سالوں میں 36 حادثات رپورٹ ہوئے ؛ پچھلے چار سالوں میں موٹرویز پر حفاظتی جنگلوں کی چوری اور انہیں نقصان پہنچانے کے حوالے سے 178 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ موٹرویز کو سٹرٹیجک اثاثہ قرار دینے کے حوالے سے قانون سازی کی جارہی ہے جس کے بعد موٹر ویز کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔