اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے بھارتی افواج کی طرف سے بلااشتعال اور کھلی جارحیت کی بھرپور مذمت کی ہے جس کے نتیجہ میں لائن آف کنٹرول پر 2 پاکستانی فوجی شہید ہو گئے۔ وزیراعظم نے شہید ہونے والے فوجیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پرامن ہمسائیگی کے ہمارے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور اس کا غلط مطلب نہیں لیا جانا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج مادر وطن کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور پاکستان کی خود مختاری کو مجروح کرنے کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔