
اسلام آباد ۔ ےکم فروری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا تزویراتی محل وقوع اسے ایشیاءکی اولین تجارتی ‘توانائی اور ٹرانسپورٹ راہداری بننے کے لئے وسیع مواقع کی حامل مارکیٹ بناتا ہے۔انہوں نے یہ بات ہالینڈ کی کمپنی رائل فرائز لینڈ کیمپینا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رئیولوف اے جوسٹن سے بدھ کو یہاں ایوان وزیراعظم میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی مجموعی آبادی کا 60فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے اوریہاں غیر ہنر مند سے لیکر نہایت مہارت یافتہ پروفیشنلز پر مبنی باصلاحیت افرادی قوت پائی جاتی ہے۔ وزیراعظم نے وفد کو بتایا کہ حکومت نے کاشتکاروں کو سہولت دینے کے لئے کھاد پر سبسڈی میں حال میں توسیع دی ہے اور مسابقت کے عالمی چیلنجوں کے مقابلے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کے لئے خصوصی اقتصادی زونز کے لئے قوانین وضع کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری میں سہولت دینے کے لئے بنیادی ڈھانچے ‘ توانائی اور مواصلاتی منصوبوں پر سرگرمی سے کام کررہی ہے۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے ہاں چار موسم ‘ وسیع اراضی ‘ قدرتی وسائل کی فراوانی ‘مربوط آبپاشی نظام ‘ساز گار ماحول‘ پورا سال فصلوں کی پیداوار‘ تربیت یافتہ افرادی قوت اور فعال اقتصادی صورتحال پائی جاتی ہے ۔