نیویارک ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے انتہائی اہم دورہ پر نیو یارک پہنچ گئے۔وزیراعظم ہاﺅس سے جاری بیان کے مطابق تیسری مرتبہ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ جنرل اسمبلی سے اپنا چوتھا خطاب کریں گے۔نیو یارک میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم 21 ستمبر 2016ءکو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کئی اہم بین الاقوامی امور پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔وزیراعظم گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی مسئلہ کشمیر پر خصوصی توجہ مرکوز کریں گے۔وہ نوجوان کشمیری رہنما برہان الدین وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی راہنماﺅں کی توجہ مبذول کروائیں گے۔بیان کے مطابق وزیراعظم مقبوضہ کشمیر کے دیرینہ مسئلہ کے جلد حل کی ضرورت پر بھی زور دیں گے۔وزیراعظم بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کریں گے کہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کیلئے کئے گئے وعدوں کی پاسداری کی جائے جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کیا گیا تھا۔ وزیراعظم اپنے خطاب میں علاقائی اور بین الاقوامی امن و استحکام کے لئے پاکستانی کوششوں پر بھی روشنی ڈالیں گے۔ دورہ نیو یارک کے دوران وزیراعظم محمد نوازشریف بین الاقوامی رہنماﺅں کو محفوظ ‘ مستحکم اور معاشی طور پر ترقی کرتے ہوئے پاکستان کے حوالے سے بھی آگاہ کریں گے