وزیراعظم محمد نواز شریف کاآل پارٹیز کانفرنس سے خطاب

133
APP14-03 ISLAMABAD: October 03 – Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif addresses the Parliamentary Party Leaders Meeting at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیری اور پاکستانیوں کو جدا نہیں کیا جا سکتا‘ پارلیمنٹ کی تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت کے ساتھ ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے لئے انتھک کوششیں کی جائیں گی۔ پیر کو یہاں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اجلاس نے پاکستان کو مضبوط اور کشمیر کے کاز کو مزید مستحکم بنایا ہے۔ ہم قومی اہمیت کے امور بالخصوص کشمیر کاز پر متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد مقامی ہے جس کا مینڈیٹ سلامتی کونسل کی قراردادوں میں دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے پارٹی رہنماﺅں اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کا بھی اظہار تشکر کیا جنہوں نے سنجیدہ آراءدیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی اچھی تجاویز دی گئیں اور جہاں تک ممکن ہو میری حکومت ان پر عمل درآمد کی کوشش کرے گی۔ قبل ازیں پارٹی رہنماﺅں نے اپنے مختصر ریمارکس میں اس اہم موڑ پر حکومت کےلئے اپنی متعلقہ جماعتوں کی حمایت کا اظہار کیا۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی تجویز دی اور کہا کہ اہم قومی ایشوز پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ہمیشہ کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا اجلاس اس بات کا مظہر ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے جنرل اسمبلی میں کشمیر کاز کو موثر طور پر اجاگر کرنے کے وزیراعظم کے خطاب کی تعریف کی۔ قومی ایشوز سے متعلق خورشید شاہ نے کہا کہ پارٹی وابستگی سے قطع نظر ہم سب پاکستانی ہیں اور اپنے غیر ملکی سفارت خانوں کو فعال کرنا چاہئے۔ انہوں نے کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے لئے اسلامی ممالک کی حمایت پر زور دیا۔