
آستانہ ۔ 9 جون (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے مکمل رکن کی حیثیت سے علاقائی امن، رابطوں اور اقتصادی خوشحالی کےلئے تنظیم کے اجتماعی مقاصد کے حصول کےلئے مزید کوششیں بروئے کار لائے گا۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو ایس سی او کی سربراہان مملکت کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی کی پالیسی پر کاربند ہے۔ انہوں نے آئندہ نسلوں کے لئے امن و ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او ارکان کے ساتھ ہمارے گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات اور مضبوط اقتصادی اور سٹرٹیجک روابط استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او کے مقاصد پاکستان کے قومی مزاج سے ہم آہنگ ہیں اور اسی طرح ”شنگھائی سپرٹ“ کی بنیادی اقدار اور ایس سی او کا چارٹر پرامن ہمسائیگی کی ہماری جستجو سے ہم آہنگ ہیں۔ اس تناظر میں وزیراعظم نے ایس سی او ارکان کے مابین پانچ سال کیلئے اچھی ہمسائیگی کے طویل المدتی معاہدہ کی ضرورت کے بارے میں چین کے صدر شی جن پنگ کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ رہنماﺅں کی حیثیت سے ہمیں آئندہ نسلوں کیلئے تنازعہ اور عداوت کی زہریلی فصل کا نہیں بلکہ امن و دوستی کا ورثہ چھوڑنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپنی توسیع کے ساتھ ایس سی او حقیقی طور پر بین البراعظمی تنظیم بن چکی ہے۔ آنے والی دہائیوں میں یہ ایشیائ۔بحرالکاہل، مشرقی ایشیائ، مغربی ایشیاءاور اٹلانٹک ریجن کے درمیان مضبوط رابطہ کا کام کرے گی۔