اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف کی طرف سے سعودی عرب میں روزگار سے فارغ کئے جانے والے پاکستانی کارکنوں کی بھرپور معاونت کی ہدایات کی پیروی کرتے ہوئے ریاض میں پاکستانی سفارت خانے نے پریشانی سے دوچار ورکرز کے لئے خصوصی سہولیاتی مرکز اور ان کو خوراک اور دیگر معاونت کی فراہمی کے لئے خصوصی فنڈ قائم کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کارکنوں کی مدد کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سفارت خانے نے پاکستانی افرادی قوت کو اپنے واجبات اور تنخواہوں کے کلیمز مرتب کرنے میں بھی سہولت دی ہے۔ وزیراعظم نے پاکستانی سفارت خانوں کو پریشانی سے دوچار پاکستانی ورکرز کی معاونت اور اس ضمن میں ان کی مشکلات جلد از جلد دور کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ دفتر خارجہ نے وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستانی مشن نے ملازمین کو خوراک کی فراہمی، طبی معاونت اور جلد از جلد ان کی تنخواہوں اور واجبات کے تصفیہ کے لئے انتظامات کئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=13857