وزیراعظم مشیر سرتاج عزیز کی بھارتی بلااشتعال فائرنگ کی سخت مذمت

110

اسلام آباد ۔ 14 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے بھمبر کے علاقہ میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلااشتعال فائرنگ کی سخت مذمت کی ہے جس میں سات پاکستانی سپاہی شہید ہوئے۔ انہوں نے شہید ہونے والے جوانوں کے خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سرتاج عزیز نے بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے بڑھتے ہوئے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے دانستہ طور پر شہریوں آبادیوں اور دیہاتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اب تک اس فائرنگ سے 26 سویلین جاںبحق جبکہ 107 زخمی ہوئے ہیں جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں جبکہ بھارت کی جانب سے 2013ءکے سیز فائر معاہدہ کی مکمل خلاف ورزی جاری ہے جو عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔