وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں نہ صرف قوم بلکہ ملت اسلامیہ کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی

135

اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) ممتاز عالم دین اور جامعہ نعیمیہ لاہور کے سربراہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں خطاب کے دوران تحفظ ناموس رسالتۖ کے موضوع اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی۔ ”اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے بہت اچھی تقریر کی اور مغرب پر واضح کیا کہ مسلمان نبی اکرم ۖ کی عزت، وقار اور ناموس پر کسی صورت خاموش نہیں رہ سکتے، وزیراعظم نے کشمیر کے حوالے سے بھی جرأت مندانہ مؤقف اپنایا لیکن اب عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس مسئلہ پر پاکستان کی تمام جماعتوں اور پوری قوم کا مؤقف ایک ہے، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مسئلہ پر اتفاق رائے عملی طور پر بھی نظر آئے۔ ڈاکٹر راغب نعیمی نے کہا کہ مجھے ملک میں تحفظ ناموس رسالت قانون میں ترمیم یا تبدیلی کی کوئی کوشش نظر نہیں آرہی، اس لئے اگر اس طرح کی کوئی چیزیں پھیلائی جا رہی ہیں تو وہ غلط ہیں۔ وزیراعظم کا تحفظ ناموس رسالت کے حوالے سے دوٹوک مؤقف ہمارے سامنے ہے۔ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران اس معاملے پر نہ صرف قوم بلکہ ملت اسلامیہ کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے۔