وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں اور ایران و امریکا جنگ بندی معاہدے کی جانب پیش رفت کر رہے ہیں جس کے مثبت اثرات عالمی توانائی منڈیوں پر بھی نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں
وزیراعظم نے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری عوام تک منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے ، وزیر پٹرولیم

مزید خبریں
اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں اور ایران و امریکا جنگ بندی معاہدے کی جانب پیش رفت کر رہے ہیں جس کے مثبت اثرات عالمی توانائی منڈیوں پر بھی نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
جمعرات کوایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ اس کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے حکومت نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے جو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے شفاف ہفتہ وار فارمولا مرتب کرے گی۔علی پرویز ملک نے کہا کہ شفاف فارمولے کے تحت عوام کو قیمتوں میں ردوبدل کی وجوہات سے مکمل آگاہی حاصل ہوگی اور مستقبل میں قیمتوں کے تعین کا عمل مزید شفاف بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس فارمولہ کو تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود حکومت نے ذمہ داری کے ساتھ ملک میں تیل کی سپلائی چین کو بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے برقرار رکھا۔ انہوں نے اس سلسلے میں تعاون پر تمام شراکت داروں اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں حکومت پاکستان اپنی توانائی سلامتی کی حکمت عملی کا بھی ازسرِ نو جائزہ لے رہی ہے اور آنے والے مہینوں میں ریاستی مفادات کے تحفظ اور توانائی کے محفوظ مستقبل کے لیے متعدد اقدامات متعارف کرائے جائیں گے۔








