کوئٹہ۔ 03 اپریل (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی سردار یعقوب خان ناصر نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی قیمت 7روپے 41پیسے اور صنعتوں کے لیے 7روپے 59پیسے فی یونٹ کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے الیکشن میں اپنے منشور میں عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے قوم کو عید الفطر کا تحفہ دیاہے ،بجلی کی قیمت میں نمایاں کمی سے شہریوں کے چہروں پر خوشی لوٹ آئی ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت دن رات ایک کرکے عوام کوتمام شعبوںمیں ریلیف کی فراہمی کے ساتھ ملکی ترقی کے لیے کوشاں ہے مگر بدقسمتی سے کچھ عناصر وطن عزیز کی خوشحالی وترقی کی بجائے ملکی سالمیت کے خلاف احتجاج ،جلائو گھیرائو کی سیاست کرکے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں جن کا عوام الناس کو محاسبہ کرنا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت میاں محمد نواز شریف کے سوچ کو آگے بڑھانے کے لیے ہر شعبے میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور مستقبل قریب میں بجلی کی طرح دیگر محکموں شعبوں میں بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بہتر اقدامات اٹھائیں جائینگے ۔