پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ’’اڑان اوورسیز پاکستان سمر اسکالرز پروگرام‘‘ کے تحت دنیا کی ممتاز جامعات میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ و طالبات کو وطن واپس لا کر قومی ترقی کے عمل میں شریک کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پروگرام پاکستان کے روشن مستقبل، …
وزیراعظم کا نوجوان اسکالرز کو قومی ترقی میں شریک کرنا دور اندیش قیادت کا مظہر ہے، جمال شاہ کاکڑ

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 17 جولائی (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ’’اڑان اوورسیز پاکستان سمر اسکالرز پروگرام‘‘ کے تحت دنیا کی ممتاز جامعات میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ و طالبات کو وطن واپس لا کر قومی ترقی کے عمل میں شریک کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پروگرام پاکستان کے روشن مستقبل، نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد اور علم پر مبنی معیشت کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ نوجوانوں کو قومی ترقی کا حقیقی سرمایہ قرار دیا ہے اور حکومت کی تمام اصلاحات کا محور بھی نوجوانوں کو بہتر مواقع، جدید تعلیم، تحقیق، جدت اور روزگار کی فراہمی ہے۔ اوورسیز پاکستانی طلبہ کو پاکستان کے اہم قومی مسائل پر تحقیق اور پالیسی سازی کے عمل سے جوڑنا ایک قابلِ تحسین فیصلہ ہے، جس سے ملک کو عالمی معیار کی علمی و تحقیقی مہارتوں سے فائدہ حاصل ہوگا۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے اسکالرز کو معاشی اصلاحات، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن، محاصل میں اضافے، کاروبار میں آسانی، زرعی ترقی، قابلِ تجدید توانائی اور برآمدات پر مبنی معیشت کے وژن سے آگاہ کرکے یہ واضح کیا ہے کہ حکومت پاکستان کو ایک مضبوط، خود کفیل اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران موثر انفورسمنٹ کے ذریعے محصولات میں نمایاں اضافہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی کامیابی کا ثبوت ہے، جبکہ اقتصادی استحکام نے ملکی معیشت کو درست سمت پر گامزن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ اپنی تعلیم، تحقیق، ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی تجربات کو پاکستان کی ترقی، اختراع اور خوشحالی کے لیے وقف کرے۔جمال شاہ کاکڑ نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی طلبہ ملک کے حقیقی سفیر ہیں اور ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’’اڑان اوورسیز پاکستان سمر اسکالرز پروگرام‘‘ مستقبل میں بھی مزید وسعت اختیار کرے گا اور اس سے بلوچستان سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کو نئی تحقیق، اختراع اور ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت تعلیم، معیشت، نوجوانوں کی فلاح اور قومی ترقی کے ایجنڈے پر بھرپور انداز میں عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہے، جس کے مثبت نتائج آنے والے برسوں میں مزید نمایاں ہوں گے۔








