وزیراعظم کی اسلام آباد سمٹ میں شرکت کرنے والے 25 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 60 سے زیادہ مندوبین سے بات چیت

66
APP103-13 ISLAMABAD: March 13 - Prime Minister Imran Khan in a meeting with the participants of Leaders in Islamabad Business Summit, at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ایک پرامن اور ابھرتے ہوئے سماجی اور معاشی مواقع سے بھرپور پاکستان ہے، موجودہ حکومت سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو منافع بخش کاروبار کے مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو اسلام آباد سمٹ میں شرکت کرنے والے 25 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 60 سے زیادہ مندوبین سے وزیراعظم آ فس میں ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ ہارون شریف، وزیراعظم کے معاونین خصوصی نعیم الحق اور افتخار درانی موجود تھے۔ وزیر اعظم عمران خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا پاکستان یکسر تبدیل ہو چکا ہے، نیا پاکستان ایک پرامن اور ابھرتے ہوئے سماجی اور معاشی مواقع سے بھرپور پاکستان ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ معروف بین الاقوامی سرمایہ کار آج پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں جو حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور کاروبار کرنے میں آسانیاں اور سہولیات میں بہتری کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو منافع بخش کاروبار کے مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے، کاروباری برادری کے منافع بنانے سے کاروباری عمل میں تیزی آئے گی جس سے روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مختلف ممالک سے مندوبین کی اسلام آباد سمٹ میں شرکت اور اسلام آباد میں اس کانفرنس کا انعقاد اس بات کا مظہر ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد نہ صرف بحال ہو چکا ہے بلکہ وہ پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے راغب ہو رہے ہیں۔