24.2 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںوزیراعظم کی جانب سے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے...

وزیراعظم کی جانب سے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو ایک ہفتے کے اندر 20، 20 لاکھ روپے کے چیکس مل جائیں گے،وفاقی وزیر انجنیئر امیر مقام

- Advertisement -

شانگلہ۔ 25 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو ایک ہفتے کے اندر 20، 20 لاکھ روپے کے چیکس مل جائیں گے، متاثرین کے ساتھ اس مشکل وقت میں کھڑے ہیں، ان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ پیر کو سیلاب سے متاثرہ ضلع شانگلہ کے دور دراز علاقوں کے دورہ کے موقع پر متاثرین اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ضلع شانگلہ میں سیلاب کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق ہوئے، سیلاب میں لوگوں کے گھر اور فصلیں تباہ ہوئیں، سڑکیں، بجلی اور پانی کا نظام درہم برہم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم محمدشہباز شریف کی طرف سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور متاثرین سے اظہارِ یکجہتی و تعزیت کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاکیلئے 10 لاکھ روپے کا اعلان کیا تھا تاہم اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللّٰہ خان کے مطالبے پر یہ امداد 20 لاکھ روپے کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے بات کی اور ان سے درخواست کی کہ متاثرین کےلیے ایک خصوصی کیس کے طور پر امداد کا اعلان کیا جائے، وزیراعظم نے بھی وفاقی حکومت کی طرف سے جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کےلیے 20، 20 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے ورثاء کو ایک ہفتے کے اندر اندر 20، 20 لاکھ روپے کے چیکس مل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کی دیکھ بھال بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام میں سے ہیں اور ان کے دکھ درد میں شریک ہیں۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پہاں بجلی اور پانی کا مسئلہ بھی جلد حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگلہ مرحلہ بحالی کا ہے، لوگوں کے گھر، مارکیٹ، دکانیں اور فصلیں تباہ ہوگئی ہیں، ہم زیادہ سے زیادہ تعاون فراہم کریں گے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے شانگلہ کے سیلاب سے متاثرہ دور دراز علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے متاثرین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں