اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں انسداد پولیو ٹیم پر دہشتگردوں کے حملے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس کااظہار کرتےہوئے کہاہے کہ پولیو کو پاکستان سے ختم کرنے کے لئے ہماری سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے قوم کو پولیو کے مرض سے پاک کرنے کے لیے سرگرم عمل پولیو ورکرز پر حملے کو باعث تشویش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی کاروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے اور پولیو ورکرز کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔