اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر بجلی و پٹرولیم عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی طرف سے اعلان کردہ 21 ارب روپے کی سبسڈی سے صنعتی شعبہ اور بالخصوص چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی بحالی میں مدد ملے گی اور ملک میں صنعت کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ بدھ کو یہاں ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ کیلئے اضافی یونٹس پر 50 فیصد رعایت دینے کا فیصلہ پی ٹی آئی حکومت کی پالیسیوں کے مطابق کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن پیک اور آف پیک کے فرق کو بجلی کی یکساں قیمت کے ساتھ تبدیل کیا گیا ہے جس کا ملک میں 3 لاکھ صنعتی صارفین پر مثبت اثر پڑے گا اور انہیں براہ راست فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت توانائی میں تمام فیصلے شفاف انداز میں کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو سابق حکومت کی طرف سے درآمدی ایندھن سے منصوبے لگانے کے فیصلہ کی وجہ سے 25 فیصد اضافی ٹیرف ورثہ میں ملا ہے اور سابق حکومت کے اس فیصلہ کی وجہ سے ملک توانائی کی لاگت کیلئے 87 فیصد اضافی ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گیس کی قلت پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔