وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی مختلف نجی ٹی وی چینلز کے پروگراموں میں گفتگو

107

اسلام آباد ۔ 17 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن عوام کو اپنی لوٹ گھسوٹ کو چھپانے کے لیے سڑکوں پر لانا چاہتی ہے، اپوزیشن کا مقصد ملک و قوم کا مفاد ہرگز نہیں بلکہ یہ لوگ اپنی کرپشن چھپانے اور احتساب کے عمل سے بچنے کے لیے منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں’ پاکستانی عوام باشعور ہیں’ اپوزیشن کی باتوں میں نہیں آئیں گے اور نہ ہی ان کے ساتھ کھڑے ہونگے ‘ لوگ ان کی حقیقت جان چکے ہیں کہ ملکی معیشت کی تباہی و بربادی کی اصل ذمہ دار پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مختلف نجی ٹی وی چینلز کے پروگراموں میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو آج عوام کا جو دکھ درد اور تکلیف یاد آ رہا ہے کاش انہیں اپنی حکومتوں کے ادوار میں عوام کے اس دکھ درد اور تکلیف کا احساس ہوجاتا تو آج صورتحال اس نہج پر نہ آتی، یہ اسی اپوزیشن کی کارستانیوں اور اعلیٰ ترین کارکردگی کا ہی کمال ہے کہ یہ لوگ ملک پر 31000 ارب کا قرضہ چھوڑ کر گئے’37 ارب کا تجارتی خسارہ اور 1200 ارب کا سرکلر ڈیبٹ وغیرہ چھوڑ کر گئے اور یہی وہ تمام حقائق ہیں جن کی وجہ سے ملکی روپے کی قدر پر دبائو آیا لیکن ان تمام تر چیلنجز کے باوجود موجودہ حکومت ملکی معیشت کے استحکام اور روپے کی قدر میں اضافے کے لیے دن رات کوشاں ہے اور موجودہ حکومت کے مثبت اور ٹھوس اقدامات کے نتائج جلد حاصل ہونا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت میں ہیں اور اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں، ملک کے 22 کروڑ عوام کی واحد امید وزیراعظم عمران خان ہیں جو ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے اور ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے،موجودہ حکومت اسٹیٹس کو کو چیلنج کر رہی ہے اور اداروں میں اصلاحات کے لیے کوشاں ہے جس کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا ہے لیکن یہ مشکلات عارضی ہیں، بہت جلد ہر طرف خوشحالی ہو گی اور ملک آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیئے کہ وہ پہلے اپنے لاپتہ اپوزیشن لیڈر کا تو پتہ لگائے کہ وہ کہاں ہیں اور وطن واپس کب آ رہے ہیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی ناکام معاشی پالیسیوں، کرپشن اور لوٹ مار کا خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں لیکن ہم پرعزم ہیں کہ ملک و قوم کا پیسہ لوٹنے والا کرپٹ ٹولا احتساب کے شکنجے میں ضرور آئے گا اور ان سے ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لیکر عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو عوام کے مسائل اور تکالیف کا ادراک ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اہم اور ٹھوس اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں، روپے کی بے قدری سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے فیصلوں کا نتیجہ ہے، ڈالر کے مہنگا ہونے میں حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، روپے کی قدر پر نظر رکھنا اسٹیٹ بنک کی ذمہ داری ہے لیکن ماضی کی حکومتوں کے ادوار میں اسٹیٹ بنک کے کردار کو بھی کمزور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے اور ہم ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہیں اور پرعزم ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی متحرک اور ولولہ انگیز قیادت میں ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔