وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ

اسلام آباد ۔ 26 جولائی (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے گزشتہ 10 سالوں کے دوران سابق صدر مملکت اور وزراءاعظم کے غیر ملکی سفری اخراجات، علاج معالجے اور حج عمرے کے اخراجات آئینی طریقے سے وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نو سو کروڑ روپے کے گھر میں رہنے والے شخص کے باپ کے علاج کا پیسہ پاکستانی قوم نے ادا کیا، بھٹو زندہ ہے کے نعرے کی آڑ …

اسلام آباد ۔ 26 جولائی (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے گزشتہ 10 سالوں کے دوران سابق صدر مملکت اور وزراءاعظم کے غیر ملکی سفری اخراجات، علاج معالجے اور حج عمرے کے اخراجات آئینی طریقے سے وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نو سو کروڑ روپے کے گھر میں رہنے والے شخص کے باپ کے علاج کا پیسہ پاکستانی قوم نے ادا کیا، بھٹو زندہ ہے کے نعرے کی آڑ میں پی آئی اے کی 21 پروازوں کو قومی روٹ سے ہٹا کر سکھر لے جایا گیا، سابقہ حکمرانوں کے دہی بھلوں کا بل 25 کروڑ روپے ادا کیا گیا، نوازشریف کے علاج کیلئے پی آئی اے کا جہاز پارک کرنے کی مد میں 28 کروڑ روپے قومی خزانے سے ادا کئے گئے۔ جمعہ کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے گزشتہ روز کے اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ امریکہ اور اس کے مثبت اثرات، قومی ترجیحات، خطے کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم عمران خان کو کامیاب دورہ امریکہ پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کی جانب سے گزشتہ 10 سالوں کے دوران ملک کے حکمرانوں کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 2008ءسے لیکر 2018ءتک حکمرانوں نے پی آئی اے کو چنگ چی رکشے اور کرائے کی سائیکل کے طور پر استعمال کیا گیا، قومی کیریئر کو ذاتی کیریئر میں تبدیل کر کے پی آئی اے کے پائلٹس کو ذاتی ڈرائیور کے طور پر استعمال کیا گیا۔ عالمی معیار کے مطابق فی طیارہ میں 200 ملازمین کی شرح کو نظر انداز کرتے ہوئے 503 افراد کو ایک جہاز کیلئے بھرتی کیا گیا۔ پی آئی اے، پیپلز یونٹی اور ایئر لیگ کی پشت پناہی اور ساز باز سے غیر مجازافراد بورڈنگ پاس جاری کرتے تھے۔ پی آئی اے یونین نے 33 دفاتر پر قبضہ کئے رکھا اور ان دفاتر میں کام کرنے والے 250 ملازمین یونین کی ڈیوٹیاں سرانجام دیتے رہے۔