اسلام آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 14 اگست کا دن تجدید عہد کا دن ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی پوری قیادت یہاں کھڑی ہو کر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے اس ارض پاک کی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچایا، جس روشن خیال پاکستان کا خواب قائداعظمؒ نے دیکھا تھا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے اس کی داغ بیل ایک سال میں ڈال دی ہے، ہمارے آباﺅ اجداد نے جس سامراجی نظام کے خلاف جدوجہد کرکے یہ وطن حاصل کیا عمران خان اسی مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے جس بے باکی کے ساتھ مظفرآباد میں خطاب کیا اور کشمیریوں کی وکالت کی ذمہ داری سنبھالی انہوں نے سرحد کے اس پار مودی سرکار کی نیندیں حرام کر دی ہیں، اپنی کشمیری بہنوں کو یقین دلاتی ہوں کہ پاکستان کی ہر بیٹی آپ کے ساتھ ہے اور جو ظلم آپ سہتی ہیں پاکستانی اسے اپنے دل اور جسم پر محسوس کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم نہتے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔