وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا ایف ایم 98 دوستی چینل کی جانب سے جمہوریہ چین کی 70 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب

83

اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایف ایم 98 دوستی چینل کی نشریات کو گوادر سے گلگت بلتستان تک بڑھایا جائے گا۔ وہ جمعہ کویہاں ایف ایم 98 دوستی چینل کی جانب سے جمہوریہ چین کی 70 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نشریات دونوں ممالک کے عوام کے مابین پائے جانے والے فاصلوں کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے حکومت چین کو ملک کے پانچ بڑے شہروں میں مزید ایف ایم 98 دوستی چینل کھولنے کی دعوت دی تاکہ یہ پاک چین اقتصادی راہداری کے راستے پر سب کے لئے قابل سماعت ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ میڈیا کے تبادلے کے کچھ پروگرام شروع کرے گا تاکہ صحافتی برادری ڈیجیٹلائزیشن کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ چین ایک عظیم قوم ہے اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دوستانہ تعلقات واقعی ہمالیہ سے بلند تر، سمندروں سے گہرے اور شہد سے میٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری شراکت مضبوط جیو سٹریٹجک حقائق اور نکتہ نظر پر مبنی ہے جو ہر دن کے ساتھ ساتھ مستحکم ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی فوائد کے حصول کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری ان برادرانہ تعلقات کا خاصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے اور اپنے عوام کی معاشی خوشحالی و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے خطے کو پر امن بنانے کا مشترکہ مقصد رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں، بین الاقوامی قوانین کی پامالی، اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کے حوالہ سے نئی دہلی کے حالیہ جابرانہ اقدامات پر چین نے پاکستان کی زبردست حمایت کی ہے۔