وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ سے کوآرڈینیٹر جرمن کلائمیٹ اینڈ انرجی پارٹنرشپ کی ملاقات

178

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ نیشنل یوتھ کونسل کا مقصد ملک کے نوجوانوں کو پالیسی سازی میں شامل کرنا ہے، ملک کی 138 یونیورسٹیوں میں گرین یوتھ موومنٹ (جم)کلبزقائم کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوآرڈینیٹر جرمن کلائمیٹ اینڈ انرجی پارٹنرشپ کرسٹوفر وینزل سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل کا ایک حصّہ ماحولیاتی تبدیلی پر کام کررہا ہے، نوجوانوں کو متحرک کئے بغیر ماحولیاتی تبدیلی جیسےچیلنج سے مقابلہ نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل وزیراعظم یوتھ پروگرام کا حصّہ ہے، نیشنل یوتھ کونسل کا مقصد ملک کے نوجوانوں کو پالیسی سازی میں شامل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین یوتھ موومنٹ کلب (جم)ممبر زبھی نیشنل یوتھ کونسل کا حصّہ بن سکتے ہیں، ملک کی 138 یونیورسٹیوں میں گرین یوتھ موومنٹ (جم)کلبزقائم کئے گئے ہیں، گرین یوتھ موومنٹ کلبز کا مقصد نوجوانوں کو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے روشناس کرانا ہے۔ کرسٹوفر وینزل نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ مل کر پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں، نیشنل یوتھ کونسل کی موجودگی اور کارگردگی سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماحولیاتی تبدیلی سے منسلک ہر قسم کی مدد کے لئے تیار ہیں۔