وفاقی وزیرآئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے ‘آرٹیفیشل انٹیلیجنس کیریئر کونسلنگ پورٹل’ کا افتتاح کردیا

وفاقی وزیرآئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے 'آرٹیفیشل انٹیلیجنس کیریئر کونسلنگ پورٹل' کا افتتاح کردیا

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرآئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے ‘آرٹیفیشل انٹیلیجنس کیریئر کونسلنگ پورٹل’ کا افتتاح کردیا ہے۔جمعرات کو یہاں اس حوالے سے تقریب کا انعقاد وزارت آئی ٹی کے کمیٹی روم میں ہوا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت آئی ٹی عائشہ حمیرا موریانی اور وزارت کے سینئر افسران موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ پاکستان سافٹ ویئرایکسپورٹ بورڈ کا تیارکردہ پورٹل آئی ٹی ہنرمندوں کو کیریئرکونسلنگ فراہم کرے گا، آئی ٹی فیلڈ منتخب کرنے والے نوجوانوں کو اکثر یہ معلوم نہیں ہوتا کہ ان کیلئے کون سا شعبہ فائدہ مند ہے، پورٹل سے نوجوانوں کو اپنے کیریئر سے متعلق فیصلے کرنے اور روزگار کی تلاش میں آسانیاں ملیں گی، ‘بوٹنوسٹک سولوشن’ کےتعاون سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے کیریئرکونسلنگ کی سہولت ہوگی، پاکستان کی دو تہائی آبادی 30 سال تک کے نوجوانوں پر مشتمل ہے، یہ نوجوان آبادی پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں جوٹیکنالوجی کی دنیا کا انمول اثاثہ بن سکتے ہیں

، شہری علاقوں میں کیریئر کونسلنگ کی تعداد کم اور دیہی علاقوں میں نہ ہونے کے برابر ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان نوجوانوں کو مستقبل میں بہترین روزگار کیلئے جامع رہنمائی فراہم کی جائے، وزارت آئی ٹی کے ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کی یہ کاوش اسی سلسلے کی کڑی ہے، خواہش ہے کہ آئی سی ٹی کی کھربوں ڈالر کی عالمی صنعت سے پاکستان کو باوقار حصہ ملے، یہ خواب اسی وقت پورا ہوگا جب ہم اپنے نوجوانوں کو درست سمت میں رہنمائی فراہم کرسکیں ، اس پورٹل کے ذریعے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر آئی ٹی انڈسٹری کو موزوں امیدوار بھی مل سکیں گے۔

انہوں نے کہا پاکستان میں کچھ سال قبل تک آئی ٹی سےمتعلق اتنی آگاہی موجود نہیں تھی جیسی اب ہے، ملک میں نئے فارغ التحصیل افراد کیلئےانٹری لیول میں سب سے اچھی تنخواہیں شعبہ آئی ٹی میں ہیں، پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ ڈھائی ارب ڈالرز ہے،

ہمیں کم از کم 15 ارب ڈالرز کے ٹارگٹ تک جانا ہے، ٹارگٹ کےحصول کیلئے ملک بھر میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی اورفری لانسنگ تربیت کیلئےکام کررہے، آئی ٹی انڈسٹری میں پاکستان کا سارا قرضہ اتارنے اور معیشت کو مستحکم کرنے کی صلاحیت ہے، ضروری ہے کہ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹرزکےمسائل حل کرنے میں تمام متعلقہ وزارتیں اپنا کردار ادا کریں، اگر آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کے مسائل حل کردیئے جائیں تو یہ ملک کے اقتصادی مسائل حل کرسکتے ہیں۔