وزیراعظم کی نیٹو کی ملٹری کمیٹی کے چیئرمین سے ملاقات میں گفتگو

126
APP06-06 ISLAMABAD: October 06 – General Peter Pavel, Chairman Military Committee NATO called on Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif at PM House. APP

اسلام آباد ۔ 6 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ ہم اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں،ان کی حکومت افغانستان کے بارے میں واضح پالیسی رکھتی ہے جس کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے پہلے روز ہی کر دیا تھا،بھارت نے تحقیقات کے بغیر بیجا طور پر اوڑی حملے پر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا۔ ایوان وزیراعظم کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ بات وزیراعظم محمد نوازشریف نے نیٹو کی ملٹری کمیٹی کے چیئرمین جنرل پیٹر پیول سے جمعرات کو وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے افغان قیادت کو آگاہ کیا ہے کہ افغانستان کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں اور ہم اپنے الفاظ پر قائم ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز بھی پاکستان نے افغانستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر کی پہلے کی امداد کے علاوہ 50 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے تاکہ انہیں مسائل پر قابو پانے اور استحکام کے حصول میں مدد ملے۔ ہم حقیقی طور پر سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں استحکام ہمارے اپنے ملک اور خطے میں استحکام کے حصول کیلئے ضروری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں نے خود اور چیف آف آرمی سٹاف نے افغانستان کے دورے کئے اور انہیں دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی جو دونوں ممالک کی مشترکہ دشمن ہے۔