وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سے آذربائیجان کے سفیر کی ملاقات،عالمی کانفرنس کاپ 29 بارے تبادلہ خیال کیا

Rumina Khurshid Alam
Rumina Khurshid Alam

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم سے جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے رواں سال نومبر میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آذربائیجان میں منعقد ہونے والی عالمی موسمیاتی سربراہی کانفرنس کاپ 29 بارے تبادلہ خیال کیا ۔

دونوں رہنمائوں نے عالمی کانفرنس کے دوران ایک ہی آواز اور موقف کو بلند کرنے کے عزم کے ساتھ پری اور پوسٹ سی او پی انتظامات کے لیے قریبی تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ پاکستان نے آذربائیجان کو کاپ 29 کے سلسلے میں تمام تکنیکی مہارت کی پیشکش کی۔

سفیر نے پاکستان کی پیشکش کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اہداف ایک اور لامحالہ ہمارا مستقبل بھی ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں فریقوں نے کاروبار اور تجارت کو بڑھانے اور پائیدار ترقی کے لیے مسلسل اقدامات اور عوامی تبادلوں کے عزم کا اعادہ کیا۔