جے آئی ٹی کے تعصبات شروع دن سے ہی عدلیہ اور عوام کے سامنے پیش کرنا شروع کر دےے تھے، رپورٹ پر حیرانگی نہیں ہوئی ، متنازعہ جے آئی ٹی سے یہی توقع کر رہے تھے
وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کی نجی ٹی وی سے گفتگو
اسلام آباد ۔ 11 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ہم نے جے آئی ٹی کے تعصبات اس کی تشکیل کے فوری بعد ہی عدلیہ اور عوام کے سامنے پیش کرنا شروع کر د یے تھے۔ جے آئی ٹی رپورٹ پر ہمیں حیرانگی نہیں ہوئی کیونکہ ہم اس متنازعہ جے آئی ٹی سے یہی توقع کر رہے تھے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک تعصب زدہ جے آئی ٹی جو تعصب زدہ طریقہ کار کو فالو کرتی ہے اس سے ہمیں ایک متعصب رپورٹ ہی کی امید تھی اور اس نے ایسا ہی کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کے تعصب کے بارے میں ہم نے متعدد بار بڑے واضح الفاظ میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور بتایا کہ جے آئی ٹی متعصب رویے کی حامل ہے۔ اس جے آئی ٹی کے متعصب رویے کی سب سے بڑی مثال جے آئی ٹی کا قطر نہ جانا ہے۔ ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف پر ماضی میں بھی الزامات لگتے رہے ہیں لیکن وہ سرخرو ہوئے اور اب بھی سرخرو ہونگے کیونکہ ان کا دامن صاف ہے۔